سیاسی مخالفین کی وجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فائل فوٹو
سیاسی مخالفین کی وجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فائل فوٹو

صرف عدلیہ ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتی ہے،عمران خان

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی کی پلاننگ تیار  ہے۔

ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ جنہوں نے این آر او لیا ان کو مجھ سے خطرہ تو ہونا ہی ہے، ملک کا کوئی قانون ہے یا اسے ملکہ کے حکم پر چلانا ہے؟

عمران خان کا کہنا ہے کہ اختلاف کرتے ہیں تو اس کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اداروں سے لڑائی کریں گے، مجھے نظر آرہا ہے کہ صرف عدلیہ ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتی ہے، اگر یہ ہم سے بہتر معیشت چلاتے تو میں چپ کر الیکشن کا انتظار کرتا، ملک مقروض کرکے پیسے باہر لے گئے تو یہ ملک کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں، صاف شفاف انتخابات کے علاوہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا کوئی راستہ نہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جام پورکے الیکشن سے ان کی کانپیں ٹانگنے لگی ہیں، ان کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کسی طرح الیکشن سے نکلو، ان کا پلان تھا ہم سب کو باہر کرکے الیکشن کراتے، آج جتنے لوگ تھے مجھے خوف ہوا کہ نکلے تو خون خرابہ ہو گا، ہم عدالت کے پاس جا رہے ہیں کہ ہمیں عدلیہ سے آراوز چاہئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز کو جلسوں کی اجازت ہے ہمیں نہیں، کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟ ن لیگ کا بیڑا غرق میری وجہ سے نہیں ہو رہا بلکہ اس وجہ سے ہو رہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی بیٹی کو اوپر بٹھا دیا ہے، ن لیگ کے پرانے لوگ اس خاتون سے آرڈر لیں گے جس نے ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، وہ ہر دوسرے روز ایسی بات کر دیتی ہے جو ہمارا فائدہ کراتی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ گرفتاری کی صورت میں پلاننگ تیار ہے، وقت پر بتائیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا میں نے کبھی نہیں کہا کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو آرمی چیف بناؤ، یہ گیم اپنا کھیل رہے تھے اور مجھے استعمال کیا جا رہا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں اس وقت خوف کا نظام قائم ہے، میں پوچھتا ہوں کہ کس نے فیصلہ کیا کہ عمران خان کو نہیں آنے دینا، ملک میں ایک ہی وفاقی پارٹی رہ گئی ہے ، آپ مجھے ختم کریں گے تو ملک کو اکھٹا کون کرے گا۔