اسلام آباد (امت نیوز) مقامی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی شکایت کو ناقابل سماعت قرار دینے اور آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا عدالت میں پیش ہوئے۔
خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک استدعا کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان آج پیش نہیں ہوسکتے، ایسا نہیں کہ وہ جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، ہم نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں پیٹیشنز دائر کر رکھی ہیں، عمران خان کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی پر حملہ ہوا اور وہ زخمی ہوئے، آپ نے آج کی قانونی صورت حال دیکھنی ہے۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے الیکشن کمیشن کی شکایت کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کردی۔ خواجہ حارث نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی۔