لندن/نئی دہلی(امت نیوز)بھارت میں اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے ملک میں مودی سرکار کی جمہوریت کا پردہ چاک کردیا۔ راہول گاندھی کا کہناہے کہ بھارت کے تمام جمہوری اداروں پر مودی کے انتہا پسند قابض ہیں اور ملکی جمہوریت تباہی کے دہانے پر ہے۔ راہول گاندھی کے اس بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیان کو ملک کی توہین قرار دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ اور کئی دیگر مقامات پر بھارت میں جمہوریت کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت کے ہر تصور پر حملہ کیا جا رہا ہے،تمام جمہوری اداروں پر بی جے پی اور آر ایس ایس نے قبضہ کر لیا ہے، ملک کی جمہوریت کو شدید خطرہ لاحق ہیں اور گر جمہوریت ٹوٹ گئی تو اس کا عالمی سطح پر منفی اثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپوزیشن کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع تک نہیں دیتی، یہی وجہ تھی کہ میں بھارت جوڑو یاترا پر مجبور ہوگیا تھا،بی جے پی اور آر ایس ایس نے ان سبھی اداوں پر قبضہ کر لیا ہے جو آزادئ اظہار کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ راہول گاندھی نے بی جے پی کی ذیلی تنظیم آر ایس ایس کا موازنہ انتہا پسندوں سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خفیہ فسطائی تنظیم ہے،اس کا مقصد جمہوری طریقے سے منتخب ہو کر اقتدار حاصل کرنا اور پھر اسی جمہوری انتخابی نظام کو سبوتاژ کرنا ہے، میں یہ دیکھ کر حیران ہوں کہ اس نے کس طرح ملک کے مختلف جمہوری اداروں پر کامیابی سے قبضہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب حکمران جماعت بی جے پی نے راہول گاندھی کے ان بیانات کو ملک پر حملہ اور شرمناک قرار دیا ہے۔
بی جے پی کے سینئر ترجمان روی شنکر پرساد نے کہا کہ راہل گاندھی ماؤ وادی نراجیت پسند ذہنیت کی گرفت میں ہیں، انہوں نے بیرون ملک جا کر مودی حکومت اور آر ایس ایس پر جو تنقید کی ہے اس کا مقصد ملک میں امریکہ اور یورپ کو مداخلت کے لیے اکسانا ہے، راہل نے بھارت کی جمہوریت، پارلیمنٹ اور عوام کی توہین کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس قوم پرستی کی تعلیم دیتی ہے، وہ کل بھی ملک کی خدمت کر رہی تھی اور آئندہ کل بھی کرتی رہے گی ۔
اس کے ہزاروں ارکان آج ملک کی انتظامیہ کا حصہ ہیں۔ آر ایس ایس پر راہل کا الزام انتہائی شرمناک ہے۔آر ایس ایس نے بھی اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ تنظیم کے سینئر رہنما اندریش کمار نے کہا کہ راہول کو انڈیا کی جمہوریت پر بھروسہ نہیں ہے، حکومت پر بھروسہ نہیں ہے۔ یہ غیر ممالک میں انڈیا کو بدنام کرنے اور نفرت پھیلانے کی سازش ہے۔