خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس  میں پیش نہ ہونے پرعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرکے 29 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیدیا،اس حوالے سے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج نے ریمارکس دیے کہ آج اگر عمران خان عدات نہیں آتے تو وارنٹ جاری کر دوں گا۔

عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ پیش ہوئے۔

سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ آج اگر عمران خان نہیں آتے تو وارنٹ جاری کر دوں گا، عدالتی اوقات کے دوران عمران خان آج نہ آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دوں گا۔

عدالت نے 12:30 تک سماعت میں وقفہ کر دیا ہے۔عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینے کے لیے عدالت نے آج طلب کر رکھا ہے، عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔