عدالت نے پیش ہونے کیلیے ساڑھے 5 بجے تک کا وقت دیا تھا۔ فائل فوٹو
عدالت نے پیش ہونے کیلیے ساڑھے 5 بجے تک کا وقت دیا تھا۔ فائل فوٹو

عمران خان کے2وارنٹ گرفتاری پر 24گھنٹے میں عملدرآمد کا فیصلہ

لاہور(امت نیوز)اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر چوبیس گھنٹے کے اندر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے ۔

خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خان کیس میں  میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دو ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کیے ہیں جس کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی ٹیم جب لاہور پہنچی تو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی لے کر نکلے ہوئے تھے

جس دوران  عمران خان ریلی میں مصروف تھے اسلام آباد پولیس، لاہور پولیس کے ساتھ حکمت عملی طے کرنے کیلئے اجلاس کر رہی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور اور اسلام آباد پولیس کے افسران کا اجلاس کئی گھنٹے جاری رہا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد سے آنے والی پولیس ٹیم کی مکمل معاونت کی جائےگی۔اورلاہور پولیس، اسلام آباد پولیس ٹیم کو عمران خان کی رہائش گاہ تک رسائی دینے میں تعاون کرے گی، اسلام آباد پولیس زمان پارک جانے سے پہلے عمران خان کے چیف سکیورٹی افسر  سے بھی رابطہ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کیلئے اسلام آباد پولیس زمان پارک جائےگی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور عدالت نے 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کی دوسری عدالت نے ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔