شیخوپورہ(امت نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدراورچیف آرگنائرز مریم نوازنے کہاہے کہ عمران خان گرفتاری کے خوف سے چارپائی کے نیچے چھپا ہوا ہے جبکہ نواز شریف لندن سے شیروں کی طرح گرفتاری دینے آئے
شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کر تے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ جو مشکلات سے ڈر جائے اس کو لیڈر نہیں گیدڑ کہتے ہیں،نواز شریف پر برا وقت آیا تو کیا وہ چھپ گئے تھے؟، وہ اپنی بیوی کو بسترمرگ پر چھوڑ کر آئے، لیکن نواز شریف کے کیس کا فیصلہ سہولت کار پہلے ہی کرچکے تھے، نوازشریف نے کوئی چوری نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا عمران خان کہتا ہے مریم نواز کو جلسے کرنے کی اجازت ہے ، میں اس سے پوچھتی ہوں کہ تم نےمجھے یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر دی تھی ؟میں نے تمہارے دورمیں ظلم برداشت کیا،جو تم برداشت نہیں کرسکتے، میں تمہارے دور میں پابندیاں توڑ کر جلسے کرتی تھی۔
مریم نواز نے کہا یہ ہمیں کہتے تھے کہ چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے ، آج میں کہتی ہوں کہ اگر تم نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے۔