اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا، قانون حرکت میں آیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کے خلاف وارنٹ عدالتوں نے نکالے ہیں، عدالتی احکامات پر انتظامیہ عمل نہ کرے تو پھر کیا ہوگا؟
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی، وقت کی رعونت سے ڈرنا چاہیے، آج وہ کہتا ہے میں 72 سال کا ہوں، ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک گرفتاری سے بچنے کی بھرپور کوشش کی ہے، بیماری اور بزرگی کے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے عدلیہ کے خلاف انتہائی مذموم گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کون سی سیاسی جماعت چاہے گی کہ وہ الیکشن سے راہ فرار اختیار کرے اس طرح تو وہ اپنا بوریا بستر گول کرے گی
شہبازشریف کا کہناتھاکہ عمران خان کا جرم توشہ خانہ سے گھڑی لے کر اسے بیچنا اور جعلی رسیدیں دینا تھا۔۔اگر وہ تحفے عمران خان نے نہ بیچے ہوتے تو یہ جرم نہیں تھا۔