لاہور(امت نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں پولیس تشدد کے خلاف درخواست پر سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ زمان پارک لاہور میں پولیس تشدد کے خلاف درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی 4 عدالتوں میں عمران خان پیش ہوئے، پانچویں عدالت پیش ہونے میں کیا پریشانی تھی، ایف ایٹ میں ان پر حملے کی اطلاعات تھیں، عدالت کو اس سے آگاہ کیا اور بتایاکہ ویڈیو لنک پر لے لیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا قانون میں عدالت کا سیکیورٹی دینا موجود ہے، سیکیورٹی دینا آئی جی پنجاب کا کام ہے، آپ کو پالیسی کی نقل مہیا کرتے ہیں، اس کو پڑھ کر اس پر عملدرآمد کریں۔
عدالت نے کہا کہ آپ آئی جی اور سیکرٹری کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کریں، خدارا سسٹم کو چلنے دیں، آج ہی بیٹھ کر اس معاملے کو طے کریں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی نو گو ایریا بن جائے، 4 ہزار 200 بغیر ہتھیار کے فورس لگائی، آگے سے پیٹرول بم پھینکے گئے، سیکیورٹی دینا میری ذمہ داری ہے، آج ہی بیٹھ کر مسئلے پر بات کرلیتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالت کے وارنٹ گرفتاری ابھی تک موجود ہیں۔
عدالت نے کہا کہ اتوار کا جلسہ ایک دن آگے پیچھے کرلیں، آپ خود فیصلہ کریں ورنہ عدالت حکم سنائے گی۔