لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 18 مارچ کو عدالت پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔
عمران خان نے کہا کہ ”پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کیلیے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں کسی سے بھی بات کرنے کیلیے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کیلیے تیار ہوں۔“
عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور عمل درآمد پر یقین رکھتا ہوں، 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہو جاوں گا، انتخابات کسی صورت 90 دن سے آگے نہیں جانے دیں گے۔ حکومت نے 90 دن سے انتخابات آگے کیے تو پھر آئینی تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری گرفتاری عدالت پیش ہونے کیلیے نہیں ، مجھے مارنے کیلیے ہے یہ مجھے وہاں لے جانا چاہتے ہیں جہاں میری جان کو خطرہ ہے۔ عدالت میں پیش ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ میری جماعت قانون کی حکمرانی کے اصول پر قائم کی گئی اور ہم اپنے اس عزم و عہد پر پوری استقامت سے کاربند رہیں گے۔
اپنے ٹویٹس میں عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے حوالے سے ہمارے نوجوانوں میں موجود تڑپ ہی تو ہے جس کے لیے میں نے ہمیشہ رب العزت سے دعا کی کہ ایک روز میری قوم کو اس سے آشنا کردے، وہ قومیں جن کے نوجوان آزادی کو اپنی زندگیوں سے بالا شمار کرتے ہیں، واقعتاً کارنامے سرانجام دیتی ہیں۔
ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے نہایت ٹھوس مؤقف اپنانے پر میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (SCBAP) کا شکرگزار ہوں۔ ہم آپ کی جانب سے زمان پارک میں حکام کے ہاتھوں طاقت کے بےتحاشہ استعمال کی مذمّت کو بھی قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ pic.twitter.com/clJVWTUjxt
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 16, 2023
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے نہایت ٹھوس مؤقف اپنانے پر میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکرگزار ہوں، ہم آپ کی جانب سے زمان پارک میں حکام کے ہاتھوں طاقت کے بے تحاشا استعمال کی مذمّت کو بھی قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں ںے مزید کہا کہ آئین اور 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کی حمایت اور محاصرے کے ساتھ زمان پارک میں (ریاستی) قوت کے بے جا استعمال کی مذمت میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرنے پر میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکر گزار ہوں، ہم سے یکجہتی کے اظہار کے لیے زمان پارک تک پیدل مارچ کرنے والے وکلاء کا بھی میں نہایت مشکور ہوں۔