اسلام آباد(امت نیوز)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی سفارش کر تے ہوئے معاملہ مزید کارروائی کے لئے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کی پارلیمانی کمٹی کو بھجوادیاہے ،ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی صدارت میں جمعرات کے روز جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے نامزد کئے گئے9 امیدواروں میں سے تین نام مستردکرتے ہوئے 6امیدواروں محترمہ ثناء اکرم منہاس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، امجد علی بوہیو، محمد عبدالرحمان، خادم حسین سومرو، ارباب علی ہاکڑواورجواد اکبرسروانہ کو ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی سفارش کرتے ہوئے حتمی منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا،جن امیدواروں کے ناموں کو مسترد کیا گیا ہے ،ان میں ،سلیم اختر بوریرو ایڈوکیٹ، راشد مصطفی ایڈووکیٹ اور سید طارق احمد شاہ ایڈوکیٹ کے نام شامل ہیں۔یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ مجموعی طور پر 40 ججوں پر مشتمل ہے جبکہ اس وقت 29 جج تعینات ہیں۔
جوڈیشل کمیشن