اسلام آباد: عمران خان کی 21 مارچ کو ہائیکورٹ پیشی پر رجسٹرار ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کر دیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلع انتظامیہ کو سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کر دی ہے ، کورٹ نمبر ایک میں وکلااور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا۔
رکلر میں کہا گیاہے کہ عمران خان کے ساتھ 15 وکلاکو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی ،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے دس وکلا کمرہ عدالت میں جا سکیں گے ،اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے30ممبران کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
کمرۂ عدالت میں داخلے کیلیے خصوصی پاس کے ذریعے20 مارچ تک لسٹیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمںٹ کارڈ والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرۂ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہو گی،عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 21 مارچ کو دن اڑھائی بجے سماعت ہوگی ۔