لاہور: تحریک انصاف اور پنجاب حکومت کے درمیان ریلیوں ، سیکیورٹی او رقانونی معاملات کیلیے معاہدہ طے پا گیاہے ، پی ٹی آئی وارنٹس کی تعمیل اور سرچ وارنٹ کیلیے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی ، ٹی او آرز طے پا گئے،معاہدہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی لیڈرشپ اور آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بیٹھ کر معاملے کا حل نکالنے کا کہا تھا ،طے پانے والے ٹی او آرز کے مطابق تحریک انصاف وارنٹس کی تکمیل اور سر چ وارنٹ کیلیے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی، پی ٹی آئی کی طرف سے شبلی فراز اورعلی خان کو فوکل پرسن نامزد کیا گیاہے جبکہ پولیس کی جانب سے ایس ایس پی عمران کشور فوکل پرسن ہوں گے ۔
معاہد ے کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو ہونے والے مقدمات میں تفتیش کیلیے تحریک انصاف پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی جبکہ پی ٹی آئی لاہور میں جلسہ اتوار کی بجائے پیر کو کرے گی ، جلسے سے پہلے انتظامیہ سے اجازت لی جائے گی جبکہ ریلی نکالنے سے پانچ دن قبل انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔
عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے بنائی گئی گائیڈ لائنز پر بھی عمل کیا جائے گا، سیکیورٹی کیلئے متعلقہ حکام کو تحریک انصاف تحریری طور پر درخواست دے گی ، سیکیورٹی کے معاملے پر فوکل پرسن شبلی فراز ہوں گے۔
عدالت نے کیس کی سماعت دوپہر تین بجے تک ملتوی کر رکھی ہے، دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ٹی او آرز تحریری صورت میں عدالت میں جمع کروائے جائیں گے ۔