لاہور(اُمت نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو دہشت گرد جماعت کے طور پر ڈیل کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان لکھ کر دیں ہر پیشی پر عدالت آئیں گے تو انہیں گرفتار نہ کیا جائے، مقدمات چلائے جائیں، بینچ فکسنگ بند ہونی چاہیے۔ زمان پارک میں ان دنوں جو کچھ ہوا ، عمران خان کو کیسز کا فیصلہ ہونے پر گرفتار کیا جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ جدوجہد، قربانیوں سے سیاسی جماعتیں پہچانی جاتی ہیں، سیاسی رہنما جلا وطنی، جیلیں، کوڑے برداشت کرتے ہیں، ایک انسان اپنے آپ کو سیاسی لیڈر کہتا ہے
اس انسان نے پانچ روز سے لاہور میں تماشا کیے رکھا، عمران خان کی جانب سے اداروں کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا گیا، قانون کے سامنے پیش ہونے سے بچنے کیلئے دھاوا بولا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس کھوسہ نے نواز شریف کو شرمناک القابات سے نوازا، جسٹس کھوسہ کے کہنے پر عمران خان نواز شریف کے خلاف پانامہ میں درخواست لایا
زمان پارک میں آج آپ کو پتا چلا سسلین مافیا کیا ہوتا ہے؟ اب پتا چلا گاڈفادر کیا ہوتا ہے، اچھے سے پتا چل گیا ہوگا،
2014 سے جو ہورہا ہے آج اس لیے سامنے آرہا ہے کہ زیادہ تر سہولت کار گھر جاچکے، آج بھی سہولت کاروں کی باقیات موجود ہیں، ہم نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ عمران خان کو پکڑنا 5 منٹ سے زیادہ کا کام نہیں، کچے کے علاقے میں جو ہورہا ہے اور زمان پارک میں جوہورہا اس میں کیا فرق ہے؟ کچے کے علاقے کے مناظر اور زمان پارک کے مناظر ایک جیسے ہیں، زمان پارک میں بیٹھا شخص کالعدم تنظیموں کے سہارے ریاست پرحملہ آور ہے، یہ شخص اب امریکا سے معافیاں مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید نے جو کیا وہ قوم کے سامنے ہے، دونوں خود اعتراف کرچکے ہیں، ادارے کو اپنے ساکھ کیلئے ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، بیانیہ اس کو نہیں کہتے کہ جب آپ اقتدار میں ہوں تو پیرپکڑیں، بیانیہ اس کونہیں کہتے کہ جب آپ اقتدار میں نہ ہوں توگریبان پکڑیں۔