کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی میں نتائج تبدیلی کی تحقیقات کے دوران بورڈ آفس پہنچنے والی تحقیقاتی کمیٹی کو انتظامیہ نے ماموں بنادیا ۔کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ انتظامیہ پری میڈیکل کے مخصوص 50 رول نمبرز کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرنے لگی ۔جس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی نے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کو لکھا دیا ہے ۔ خط کےمتن کے مطابق انٹرمیڈیٹ بورڈ انتظامیہ نے تحقیقاتی ٹیم کے پوچھ گچھ کرنے پر مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کے بجائے، غیر مطلوبہ ریکارڈ دیا۔تحقیقاتی ٹیم نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی انتظامیہ سے امتحانی گیزیٹ، مخصوص 50 رولز نمبر کے تمام مضامین کے ایوارڈ لسٹ، کمپیوٹرائزڈ ٹیبولیشن رجسٹر، امتحانی کاپیاں اور کاؤنٹر فوائل طلب کیا تھا، تحقیقاتی کمیٹی نے بورڈ انتظامیہ سے امتحانی کاپیاں ، ٹیبولیشن رجسٹر نمبر 14 دینے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ خط کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مطالعہ پاکستان ، اردو، انگریزی ، حیوانیات ، کیمیائی ، طبیعیات ، نباتیات مضامین کے ایوارڈ لسٹ بک 3 اور 4 دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔تحقیقاتی کمیٹی کے دورے کے دوران چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کی یقین دہانیوں کے باوجود مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہیں کی گئی ،تحقیقاتی ٹیم کے دورے کے دوران امتحانی افسران غائب رہے،تحقیقاتی کمیٹی نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی انتظامیہ کوایک دن کی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کی مہلت دے دی ہے ۔تحقیقاتی کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ انتظامیہ اور افسران ٹال مٹول کے ذریعے امتحانی کاپیوں میں ردو بدل کی کوشش کر رہے ہیں۔