اسلام آباد( امت نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی کی سماعت آج ہوگی، سابق وزیر اعظم عدالت میں پیشی کیلئے زمان پارک سے اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست پر کیس کی سماعت ایف 8 کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس ایف الیون منتقل کر دی گئی ہے، چیف کمشنر اسلام آباد نے عمران خان کی درخواست پر عدالتی پیشی کی جگہ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کیس کی سماعت اب نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی، عدالتی منتقلی کا فیصلہ سکیورٹی بہتر بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بنائے گئے جھوٹے کیسز میں عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ #چلو_چلو_عمران_کے_ساتھ pic.twitter.com/5gKYjjanpX
— PTI (@PTIofficial) March 18, 2023
نوٹیفکیشن کی کاپی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ سیشن جج کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران کیپیٹل پولیس، ایف سی اور پنجاب پولیس کے 4 ہزار جوان اور افسران جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔