لاہور : (امت نیوز ) سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد زمان پارک لاہور میں پولیس نے آپریشن شروع کردیا اور گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی ہے ۔
پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے اور پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے ۔
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کردی ہیں۔
پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔
پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔
عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے 6کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیاجائے گا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے 15 کارکنوں کوبھی حراست میں لے لیا ہے اور تجاوزات کو ہٹادیا ہے ۔