پولیس نے عمران خان کے گھرمیں دروازے توڑ کر داخل ،درجنوں کارکن گرفتار

لاہور(امت نیوز) عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور کیمپس اکھاڑ پھینکے۔

پولیس کا لاہور میں عمران خان کے گھر زمان پارک میں آپریشن جاری ہے۔ سی سی پی او لاہور خود کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔

زمان پارک کے علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا ۔ پولیس کے ساتھ واٹر کینن، بلڈوزر اور قیدیوں کی وین ہے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کے کیمپس اکھاڑ دیے اور بیریئرز و کنٹینرز ہٹادیے۔

عمران خان کے گھر کے باہر سے درجن بھر کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارکنوں کی طرف سے مزاحمت کی جارہی ہے اور پولیس پر پتھراؤ کیا جارہا ہے۔ پولیس نے کارکنوں کو قابو کرنے کےلیے شیلنگ شروع کردی ہے۔

سی سی ٹی وی اور تصاویر میں نظر آنے والے مشتعل افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔

زمان پارک میں موجود کارکنوں کی شناخت کا عمل کیا جائے گا اور لاہور پولیس پر حملہ کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔