اپنی گرفتاری کے ردعمل سے خوفزدہ ہوں، عمران خان

اسلام آباد(امت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ وہ اپنی گرفتاری کے ردعمل سے خوفزدہ ہیں ۔ بدقسمتی سے جو لوگ مجھے قتل یا گرفتار کرنے کا سوچ رہے ہیں وہ یہ نہیں سمجھ پا رہے ہیں پاکستان اس وقت کہاں کھڑا ہے۔

برطانوی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  اس وقت اسٹیبلشمنٹ مجھے سے ڈری ہوئی محسوس ہوتی ہے اور یہی سب سے بڑا مسئلہ ہے، میری زندگی کو پہلے سے بھی زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ اگر گرفتار یا قتل کرنے کی کوشش ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ردعمل سے خوفزدہ ہوں، لگتا ہے ایسی صورت میں بہت سخت رعمل آئے گا اور یہ ردعمل پورے پاکستان میں آئے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ سب کچھ کرنا چاہ رہے ہیں وہ صورتحال سمجھنے سے قاصر ہیں، بدقسمتی سے جو لوگ مجھے قتل یا گرفتار کرنے کا سوچ رہے ہیں وہ یہ نہیں سمجھ پا رہے ہیں پاکستان اس وقت کہاں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے گرفتار کیا جاتا ہے تو ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو پارٹی کی قیادت کرے گی۔ میرے خلاف 94 مقدمات درج ہیں اور میری جان کو پہلے سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اب مجھے گرفتار کیے جانے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ میں تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کر چکا ہوں۔