اسلام آباد (رپورٹ:رائے ولید بھٹی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی ۔پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپوں اور جلاؤ گھیراؤسے صورت حال کشیدہ ہوگئی۔ اسلام آباد کا جوڈیشل کمپلیکس چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر میدان جنگ بن گیا، پولیس کی جانب سے کارکنان کو گرفتار کرنے کی کوشش کے بعد ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پرپی ٹی آئی مظاہرین کی طرف سے پولیس پر شدید پتھراؤ، پیٹرول بموں سے حملہ اور آنسو گیس کے شیل فائر کرنے سے ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر سمیت 20سے زائد پولیس اور ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے ، مظاہرین کی طرف سے پولیس پر چاروں اطراف سے شدید حملہ کیا گیا جس میں شرپسند مظاہرین نے 25سے زائد موٹر سائیکلوں اور 04پولیس گاڑیوں کو آگ لگا دی اور توڑ پھوڑ کی ۔
مشتعل مظاہرین نے پولیس چوکی اور درختوں کو بھی آگ لگا دی اور لگاتار پولیس پر چاروں اطراف سے حملہ کرتے رہے ۔ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی پیشی کے سلسلہ میں عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے تھے اور اسلام آباد پولیس ، پنجاب اور ایف سی کے 4000سے زائد افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے جوڈیشنل کمپلیکس کا دورہ کیا اور تمام افسران و جوانوں کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی دینے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے ۔
اس سے قبل ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے ہفتہ کی صبح بتایا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔کسی بھی اسلحہ بردار کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ریلی کے ساتھ آنے والے افراد سے اسلام آباد داخلے سے قبل اسلحہ لے لیا جائے گا۔اسلام آباد پولیس نے پنجاب حکومت سے گزارش کی کہ ریلی کے ہمراہ مسلح افراد کو آنے سے روکا جائے ۔
اسلام آباد پولیس نے سیاسی ورکروں سے گذارش کی کہ غیر معمولی سنسنی خیزی اور خوف ہراس پھیلانے سے گریز کیا جائے۔عمران خان کی پیشی کے روانہ ہونے کے بعد مظاہرین سے علاقہ خالی کروایا گیا اور سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو شاباش دی ۔ اس کے بعد وہ اسپتال گئے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی ۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ،کسی بھی شرپسند عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ مظاہروں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔