بیلجیئم(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف یورپ کے زیر اہتمام آج یورپین پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ہے۔
مظاہرے میں مرد اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے ہاتھوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے
جبکہ مظاہرے میں موجودہ حکومت کے قائدین کی تنقیدی تصاویر بھی موجود تھیں۔
مقررین نے پی ڈی ایم حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا پولیس گردی ہے۔
پی ٹی آئی اوورسیز کے مرکزی رہنما صاحبزادہ جہانگیر نے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان پر ریاست کی جانب سے بنائے جانے والے 96 مقدمات کو انصاف کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کو اس سلسلے میں آگاہی دینے کا عمل شروع کردیا جائے گا اور ان کے ساتھ پاکستان میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال بیان کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح اوورسیز کی ایک بڑی تعداد بھی عمران خان کو پاکستان کےلیے ایک بہتر لیڈر تصور کرتی ہے۔
انہیں اس بات پر شدید غصہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک چھوٹے سے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کردیا ہے۔
پی ٹی آئی بیلجیئم کے چیئرمین شکیل گوہر نے عمران خان کو ایک ایماندار لیڈر قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ان پر کرپشن ثابت ہوجائے تو وہ اس کےلیے اپنے اثاثے بیچ کر بھی ادائیگی کر دیں گے۔
آخر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف بنائے جانے والے مقدمات کی صحت کے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے اور انہیں بلا جواز گرفتاری کی کوشش کےلیے بہانہ قرار دیا۔
انہوں نے اپنی مجوزہ گرفتاری کو بھی لندن پلان کا حصہ قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ موجودہ حکومت الیکشن سے راہ فرار چاہتی ہے۔