مزدوروں کی ہڑتال،پیرس کی سڑکوں پر 10 ہزار ٹن کچرا جمع

فرانس(اُمت نیوز)مزدوروں کی ہڑتال کے باعث پیرس کی سڑکوں پر 10 ہزار ٹن کچرا جمع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوڑا اٹھانے والے ملازمین کی ہڑتال کے باعث پیرس کی سڑکوں پر فضلے کی مقدار 10,000 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ہڑتالی ملازمین کو کام پرواپس لانے کی تمام تر کوششیں رائیگاں نکلی۔
کوڑا اٹھانے والے کارکنان 12 دنوں سے پیرس میں ریٹائرمنٹ کے نظام میں اصلاحات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اس شعبے میں ریٹائرمنٹ کی قانونی عمر 57 سے بڑھا کر 59 سال کر دی گئی ہے۔
یہ کارکن دارالحکومت کے تقریباً 20 اضلاع میں سے نصف میں کچرا اٹھانے کا کام کرتے ہیں، جب کہ دیگر علاقوں کو نجی کمپنیاں سنبھالتی ہیں۔
نجی کمپنیاں اب بھی کام کر رہی ہیں اور کچھ نے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں گنجان آباد سڑکوں کو صاف کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جہاں تیزی سے بدبو پھیلتی ہے۔
وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینین نے اعلان کیا تھا کہ ہڑتال کرنے والوں کو ضروری خدمات کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہنگامی اختیارات کے تحت کام پر واپس آنے پر مجبور کیاجائے گا مگرحکومت ابھی تک ایسا نہیں کرسکی۔