اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ہنگامہ آرائی سے اسلام آباد پولیس کو کتنا نقصان ہوا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رپورٹ مرتب کرلی۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے اسلام آباد پولیس کو ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان گاڑیوں کی مد میں پہنچایا گیا،پی ٹی آئی کارکنان نے اسلام آباد پولیس کی 7 گاڑیوں اور 2 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی ڈویژن کی لینڈکروزجیمرکے تمام شیشے،انٹینا توڑدیاگیا ،باڈی پر ڈینٹ موجودہیں،سیکیورٹی ڈویژن کی 2 پک اپ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پتھراؤ سے نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ لوہی بھیراوراسپیشل برانچ کی پک اپ گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں،تھانہ گولڑہ کے ایس ایچ او کی گاڑی کی باڈی مکمل طور پر تباہ کردی گئی،ایم ٹی ہیڈ کوارٹر کی قیدی وین کے فرنٹ اور سائیڈ کے شیشے توڑ دیے گئے۔
رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ تھانہ مارگلہ کے 2 موٹرسائیکل پی ٹی آئی کارکنان نے مکمل طور پر جلادیے،پنجاب پولیس فیصل آباد کی 2بسوں کے تمام سائیڈ کے شیشے بھی توڑ دیے گئے۔