لاہور:چوہدری پرویز الہٰی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹرعبدالقادر اور محمد نعمان خان بھی موجود تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کا آنے والی سیاست میں بڑا اہم رول ہو گا جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آئے گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چوہدری پرویزالہٰی سے کہا کہ آپ ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، آپ کو اپنی ذمے داریاں ادا کرتے ہوئے ملکی استحکام اور ترقی کیلیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام کیلیے ہمیشہ اپنا مثبت رول ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے، آئندہ ملکی سیاست میں عمران خان کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان اہم کردار ادا کرتا نظر آئے گا۔