اعجازالحق ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل

لاہور(امت نیوز) مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اعجاز الحق کی لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں مستقبل کی سیاست کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات اعجاز الحق نے تحریک انصاف میں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ رپورٹس کے مطابق اعجاز الحق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد صحافی سے غیر رسمی گفتگو میں اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہم بہت عرصے سے ہیں، ہم مل کر الیکشن لڑیں گے اور ہماری پارٹی جو شہید ضیا الحق کے نام پر ہے وہ زندہ رہے گی میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔

اعجاز الحق نے کہا کہ لوگوں کے گھر پر شیلنگ کرنے کے واقعات پاکستان میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں، ایسا نہ ہو کہ ترازو کے پلڑے برابر کرواتے کرواتے ترازو ہی ٹوٹ جائے

موجود صورت حال سے متعلق سوال پر اعجاز الحق نے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہو ملک کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہیے اور ہر قسم کی بات چیت کے لیے آپس میں ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے اور اگر یہ خود نہیں بیٹھ سکتے تو کوئی ان کو ساتھ بیٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  عمران خان نے کہا ہم ہر کسی سے بات چیت کرنے کیلیے تیار ہیں مگر ابھی الیکشن کے بارے میں بات کریں کیونکہ اب اور کسی چیز پر بات نہیں ہوسکتی۔