چمن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

راولپنڈی(امت نیوز) پاک فوج نے چمن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اتوار کو دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے کو ختم کرنے کیلئے چمن کے علاقے رحمان کہول میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی مسلسل تکنیکی نگرانی اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی اور سیکیورٹی فورسز کو وہاں بھیجا گیا۔ علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کے نتیجے میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔