لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اب اگر کسی نے کوئی حرکت کی تو ایسا جواب دیں گے کہ پتا چل جائے گا، پولیس کی طرف بڑھنے والا ہاتھ توڑ دیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایک کروڑ 58 لاکھ خاندانوں کو مفت آٹا دیا جائے گا،4 کروڑ 74 لاکھ آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جائیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ ترتیب اور صبر سے آٹا وصول کریں۔
لاہور کی کشیدہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور ریاست کی رٹ بہت ضروری ہے، پولیس نے زمان پارک کو کلیئر کرا کر ٹریفک رواں کی، نہیں چاہتا کہ کوئی ہنگامہ ہو،پولیس کو واپس بلایا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ماحول خراب نہ ہو، پولیس اہلکاروں سے بہت دنوں سے صبر کا کہہ رہا تھا، لیکن پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر تشدد کیا گیا، پولیس کی گاڑی کو آگ لگائی گئی، اس سیاسی جماعت کے ساتھ دہشتگردی میں ملوث بہت سے لوگ ہیں، پولیس اہلکاروں کو مسلسل مارا جارہا ہے، اہلکاروں کو کہہ دیا کوئی انگلی اٹھائے تو جواب اسی طرح دینا ہے۔۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 7 دن میں ہونے والی دہشتگردی کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی بنا رہے ہیں، جس کا نوٹی فکیشن آج جاری ہوجائے گا، الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھیں گے، سیاسی عمل سے ہٹ کر جو کچھ ہوا اس کی تفصیل الیکشن کمیشن کو بھجوارہے ہیں۔
گران وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس کے دوران پولیس پرتشدد کی ویڈیوبھی دکھائی، اور کہا کہ اب ایسا نہیں ہو سکتا کہ پولیس مار کھاتی رہے، ہم نے ہر صورت میں حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، رٹ چیلنج کر کے پولیس کی طرف بڑھنے والا ہاتھ توڑ دیا جائے گا، پولیس پر اب تشدد ہوا تو سخت ترین جواب دیا جائے گا، اب اگر کسی نے کوئی حرکت کی تو ایسا جواب دیں گے کہ پتا چل جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ زمان پارک میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو 5 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے، کم زخمی اہلکاروں کو فی کس ایک لاکھ روپےدیے جائیں گے۔