ریلیف چاہیے تو عمران خان کل ٹھیک 2 بجے تک کمرہ عدالت میں ہوں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی، عدالت نےتنبیہ کرتے ہوئے  کہاکہ ریلیف چاہیے تو عمران خان کل دوپہر 2 بجے تک کمرہ عدالت میں حاضر ہوں،یہ نہیں ہوگا کہ سماعت ملتوی کی جائے اور عمران خان آ رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ، سماعت جسٹس شہباز رضوی کی عدالت میں 2 رکنی بنچ نے کی،عدالت نے کہاکہ حفاظتی ضمانت پر دستخط عمران خان کے اپنے نہیں ،عمران خان کے دستخط سکین شدہ لگ رہے ہیں۔

وکیل عمران خان نے کہاکہ میں ایک مرتبہ فائل دیکھنا چاہتا ہوں،عدالت نے کہاکہ یہ دستخط عمران خان کے سکین شدہ ہیں ،سکین شدہ دستخط قابل قبول نہیں ہوتے ۔

وکیل نے کہا کہ عمران خان کل عدالت پہنچ جائیں گے،عدالت نےتنبیہ کرتے ہوئے  کہاکہ ریلیف چاہیے توعمران خان کل دوپہر 2 بجے تک کمرہ عدالت میں حاضر ہوں،یہ نہیں ہوگا کہ سماعت ملتوی کی جائے اور عمران خان آ رہے ہیں۔

وکیل عمران خان نے کہاکہ وہاں حالات خراب ہیں، سکیورٹی ایشو ،باہر نکلتے ہیں تو مقدمات درج کر لئے جاتے ہیں ،عدالت نے کہاکہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر سماعت کل سوا2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔