کمیٹی اجلاس میں شریک ہونا وہ اپنی ہتک عزت سمجھتے ہیں۔ فائل فوٹو
کمیٹی اجلاس میں شریک ہونا وہ اپنی ہتک عزت سمجھتے ہیں۔ فائل فوٹو

ثاقب نثار اور وکیل خواجہ طارق رحیم کی مریم نواز سے متعلق آڈیو لیک

اسلام آباد: سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی ایک اورمبینہ آڈیو لیک ہوگئی جس میں انہیں نام لیے بغیر بادی النظر میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے متعلق بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ۔

یہ گفتگو وکیل خواجہ طارق رحیم کے ساتھ کی گئی جو پنجابی میں تھی، اس میں خواجہ طارق رحیم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ خاتون  جو بول رہی ہے اس کو اچھی طرح کوئی جواب دینا چاہیے۔

انٹرنیٹ پر سامنے آنیوالی آڈیو بظاہر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور خواجہ طارق رحیم کی ہے۔ ابتدائی دعا سلام کے بعد مبینہ طورپر خواجہ طارق رحیم کہتے ہیں کہ’السلام علیکم سر، اس کا جواب کوئی اچھی طرح دیں، یہ جو باتیں کرتی ہیں‘۔فریق ثانی پوچھتے ہیں کہ ’کسے سر؟‘۔

اول الذکر کہتے ہیں کہ ’یہ جو خاتون بولتی ہے‘۔ ثاقب نثار پھر کہتے ہیں کہ ’ سرمیں نے پتہ ہے اس بارے کیا سوچا تھا؟پھر مجھے بڑے تارڑ صاحب کی ایک بات یادآگئی کہ میاں کتیاں دے بھونکے تو دور کھلوتے رہے( کتے بھونکتے رہیں تو دور کھڑے رہیں)۔

خواجہ طارق رحیم مبینہ طورپر کہتے ہیں کہ ’یہ بھی بات ٹھیک ہے ، آپ نے اے آروائے پر ایک جواب اچھا دے دیا ہے‘۔ ثاقب نثار مبینہ طورپر پھر گویا ہوئے کہ ’دوسرا،شکرالحمدللہ، ابھی بھی میرے اندر حوصلہ ہے کہ میں برداشت کرسکتا ہوں لیکن جا کر کنفیوذ یا ڈیپریس نہیں ہوتا،جب ضرورت ہوئی تو آپ کو بتا دیں گے، آپ کچھ کردینا، آپ نے کردینا ہے مجھے پتہ ہے ‘۔

مجھے پتہ ہے جب بھی آپ سے کہوں گا کہ آپ اس سائیڈ پر دھماکاکر دیں گے۔ جس پر خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ مجھے بتا دیجئے گا، جیسا کہیں گے ہو جائے گا۔

اس کے بعد فیملی کا حال احوال پوچھنے کے بعد کسی دن چکرلگانے کی دعوت کیساتھ ہی آڈیو ختم ہوجاتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سابق چیف جسٹس کی ایک مبینہ آڈیو وائرل ہوئی تھی جسے انہوں نے جعلی قرار دیا تھا۔