سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا دوسرے سے سر پیر نہیں ملتا، فائل فوٹو
سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا دوسرے سے سر پیر نہیں ملتا، فائل فوٹو

حکومت کا غریبوں کو پیٹرول 100 روپے سستا دینے کا فیصلہ

لاہور : وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،غریب کو پیٹرول 100 روپے کم  قمیت پر ملے گا۔۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اورغریب کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق ہوگا۔ غریب لوگوں کے لیے پیٹرول پر رعایت کے فیصلے پر 6 ہفتوں میں عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا تھا، جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں، مگر سلیکٹڈ زدہ دھاندلی کا کوئی کاغذ دیا گیا تھا کہ اس ملک کے غریب لوگوں کی حفاظت کرنا، وہ کہہ رہا ہے کہ ان سب کی ایسی کی تیسی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم صاحب سے درخواست کی کہ یہاں تو دو ملک ہیں، امیر کا الگ اور غریب کا الگ، جس پر انہوں نے کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔ ہماری پارٹی کے لیڈر نواز شریف صاحب نے بھی یہی کہا اور وزیراعظم نے بھی کہا کہ اگر دو ملک ہیں تو غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیرف الگ کرکے غریب کا بل اور امیر کا بل علیحدہ کردیا۔ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو،  آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔

وزیرمملکت نے بتایا کہ وزیراعظم اور نواز شریف نے کہا کہ آپ غریب اور امیر کا پیٹرول بھی علیحدہ کریں۔ گیس کی طرح دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کردیا۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ایک اسکیم پیش کی گئی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مستقبل میں غریب کا پیٹرول کا خرچ کم کردیا جائے گا ۔  حکومت غریب کے پیٹرول کی قیمت کم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں والے پیٹرول کی زیادہ قیمت دیں گے، جس سے غریب کے پیٹرول کی قیمت کم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن گھرانوں میں پرتعیش اشیا استعمال کی جا رہی ہیں، یہ ان کا حق ہے کہ استعمال کریں، محنت سے بنائی ہیں لیکن  وہ اب گیس اور پیٹرول کی زیادہ قیمت ادا کریں گے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں غریب عوام کے لیے 100 روپے کم کرنے کے فیصلے پر 6 ہفتوں  میں اس پر عملدرآمد ہو جائے گا  جب کہ گیس کے ٹیرف الگ کرنے پر یکم جنوری سے نفاذ ہو چکا ہے۔  گزشتہ روز میڈیا پر خبریں تھیں کہ 50 روپے کم کیے جائیں گے تاہم وزیراعظم نے کہا کہ اسے 100 روپے تک کم کریں۔