اسلام آباد(امت نیوز)تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی (OECD) کے گلوبل فورم کی جائزہ ٹیم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ برائے عالمی محصولات کی ٹیم سے ملاقات کی۔
ٹیم نے معلومات کے تبادلہ کا جائزہ لینے کی غرض سے تیرہ سے سولہ مارچ تک پاکستان کا دورہ کیا اور سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ،سٹیٹ بینک آف پاکستان اور فنانشل مانیٹرنگ کے حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں ساتھ ملاقاتیں کیں۔
تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کا گلوبل فورم ٹیکس بارے شفافیت اور معلومات کے تبادلہ کے حوالے سے جائزہ لیتا ہے۔ گلوبل فورم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو اس طرح کے جائزوں کے لئے تیار رکھے ۔
جائزہ ٹیم نے پاکستان کی طرف سے تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے گلوبل فورم کے معیار کے مطابق قانونی اور انتظامی دائرہ کار پورے کرنے کی بھر پور کوششوں کو سراہا۔ جائزہ کی حتمی رپورٹ گلوبل فورم کی طرف سے منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔