لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عدالت میں بیان میں کہا کہ آج چھپ کرعدالت پہنچا، اس گاڑی میں آیا ہوں جسے کوئی نہیں جانتا۔
عمران خان کی زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ میری اہلیہ گھر میں اکیلی تھی، پولیس نے گھر کے شیشے توڑ دیے۔ اہلیہ پردہ پوش خاتون ہیں، ان کی چیخوں کی آواز ویڈیوز میں موجود ہے۔ گھر کی چار دیواری کا تقدس پامال ہوا ہے۔ میرے 5 گارڈز کو پکڑ کر لے گئے، ان پر شدید تشدد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج چھپ کر عدالت پہنچا ہوں ، اس گاڑی میں آیا ہوں جسے کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں۔ اس سے قبل اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پیش ہونے کیلیے پہنچا تو پولیس نے گھر پر حملہ کر دیا۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ سکوں۔ حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا، یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ، یہی پیغام دیا۔
اس موقع پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ خان صاحب جو کیس میرے پاس ہے میں وہی سنوں گا۔آپ کی درخواستیں میرے پاس ہیں آپ بے فکر رہیں،اگر قانون پر عمل درآمد نہ ہوا تو فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا۔