لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی سماعت کل (بروز بدھ) تک ملتوی کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی،
پنجاب حکومت کے وکیل اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جسٹس طارق سلیم شیخ پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت منتقلی کی استدعا کی۔
عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ کس بات پرآپ کو عدالت پر اعتماد نہیں ، یہ تو پہلے کا فیصلہ ہے، اگر اس طرح کا آئندہ معاملہ ہوا تو میں توہین عدالت کی کارروائی کروں گا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کو مذاق بنا رہے ہیں انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہین عدالت کارروائی ہوگی، ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہوتی ہے ہم صرف قانون کی بات کرتے ہیں۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن سے متعلق ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت 28مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
اسی عدالت نے عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سرکاری وکلا سے بیان حلفی کے ساتھ کل عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔