فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران حوالدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا

ڈی آئی خان:فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3جوان شہید،3دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(امت نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ  فائرنگ کے تبادلے میں3 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ تینوں دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب  دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کی  اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اورفرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو مسدود کر دیا۔

اس دوران فرار کی کوشش کرنے والے  دہشت گردوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے، تاہم اس دوران تین فوجی جوانوں حوالدار محمد اظہر اقبال نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ  نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

ہلاک  ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔

آئی ایس  پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔