سوشل میڈیا پر زیرگردش سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کی جعلی تصویر

ٹرمپ کی ممکنہ گرفتاری،پولیس نے احتجاج سےنمٹنے کی تیاری کرلی

نیویارک (امت نیوز)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی اور نیو یارک پولیس حکام نے متوقع احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں گرینڈ جیوری کے سامنے ڈونلڈ ٹرمپ کے فحش فلموں کی اداکارہ کو خاموش رہنے کے عوض رقم کی ادائیگی سے متعلق معاملے کی سماعت کے موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کو با وردی ہوکر ڈیوٹی کیلئے تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

پولیس حکام کے جانب سے ہائی الرٹ کے احکامات سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو دی جانے والی احتجاج کی کال کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم میں امریکی اداکارہ اسٹار اسٹورمی کو رقم دینے کے کیس میں پیر کی رات یا بدھ کو فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔