اتحادیوں کے اجلاس میں پی ٹی آئی پرپابندی کی بات نہیں ہوئی،کائرہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اتحادیوں کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی کوئی بات نہیں ہوئی

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جلسے میں پابندی کی بات کی تھی، سیاسی رہنما ایسی بات کر دیتے ہیں، عمران خان کی طرز سیاست سے شدید اختلاف ہے لیکن میرا خیال ہے کہ سیاسی جماعتوں پر اس طرح پابندی نہیں لگائی جاتی۔

گزشتہ روز کے اتحادیوں کے اجلاس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ نے اجلاس میں بریفنگ دی۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہنگامہ آرائی پر قانون کواپنا راستہ لینا چاہئے، کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے غنڈہ گردی کی،تو کیا پولیس کی غنڈہ گردی میں 64 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ معاملہ سادہ تھا، عدالت عمران خان کو طلب کر رہی تھی، عمران خان عدالت میں پیش ہو جاتے تو مسئلہ حل ہو جاتا، عدالت کے حکم پر پولیس زمان پارک گئی تھی، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے پھر بھی وہ لاہور کی سڑکوں پر گھومتے ہیں اور عدالت میں پیش ہوتے ہوئے ان کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی بیانات میں الفاظ کا چناؤ بہتر ہونا چاہئے، عمران خان کہتے تھے لٹکا دو، مار دو، وہ بھی ٹھیک نہیں تھا۔