پنجاب،خیبرپختونخوا،بلوچستان، 6.8شدت کا زلزلہ،9 جاں بحق

لاہور(امت نیوز)پنجاب، خیبرپختونخوا ،بلوچستان اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئےہیں
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ  رات 9 بج کر 47 اور 48 منٹ کے درمیان آیا ہے۔
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی ، اسلام آباد، لاہور ،لودھراں،بہاولپور،میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگھ  اور خانیوال سمیت  پنجاب کےکئی شہروں میں محسوس کئے گئے
زلزلے سے ڈی آئی خان ، پشاور، اسکردو،چلاس کے علاقے لرز اٹھےلوئر دیر میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرنے کے باعث ایک خاتون جاں بحق ہوگئی
صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے سے مکان کی چھت گرگئی۔جس کے نتیجے میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت 5افراد زخمی ہوگئے

کوئٹہ میں بھی زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے

زلزلے سے خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔سیدو شریف اسپتال میں 32 زخمیوں کولایا گیا

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی کی بلند عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات ملی ہیں ۔متاثرہ عمارتوں کو خالی کرانے کےلیے ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئیں ۔پنجاب بھر کی بلند عمارتوں کو چیک کرنے کےاحکامات جاری کردئیے گئے ہیں

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اٹھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

زلزلے کے جھٹکے بھارت ، قازقستان، ترکمانستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کئے گئے

وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پراسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔

وزیرصحت نے ہدایت کی کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کےلیے پیشگی انتظامات یقینی بنائے

اسلام آباد انتظامیہ نے زلزلے کے بعد تمام امدادی ٹیموں کو فیلڈ میں الرٹ کردیا ہے۔

ریسکیو سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔