سیاسی مخالفین کی وجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فائل فوٹو
سیاسی مخالفین کی وجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فائل فوٹو

ممنوعہ فنڈنگ کیس ،عمران خان کی ضمانت کیخلاف درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت خارج کرنے کیلیے  ایف آئی اے کی درخواست مسترد کر دی۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے شریک ملزم طارق شفیع کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخی کیلیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،وکیل ایف آئی اے نے کہاکہ عمران خان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عبوری ضمانت منظوری کا بینکنگ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

عدالت نے استفسار کیا عمران خان پر اس کیس میں کیا الزام ہے؟جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ ایف آئی آر میں الزامات تو عارف نقوی پر ہیں،عمران خان یا پی ٹی آئی تو رقوم وصول کرنے والے ہیں ۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی ضمانت منسوخی کیلیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ضمانت منظوری کے حوالے سے 28 فروری کو بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسپیشل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے ۔ بینکنگ کورٹ کا فیصلہ کلعدم قرار دے کر عمران خان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔