صوبائی اسمبلی کے تمام ٹکٹ ہولڈرزاپنے اپنے حلقے میں ریلیاں نکالیں گے۔فائل فوٹو
صوبائی اسمبلی کے تمام ٹکٹ ہولڈرزاپنے اپنے حلقے میں ریلیاں نکالیں گے۔فائل فوٹو

تحریک انصاف کو مینار پاکستان پرجلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کو 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد جلسے کی اجازت دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے اجازت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق جلسہ انتظامیہ اسٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی اور تمام متعلقہ علاقے میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔

اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں گے، جلسے کے دوران کسی صورت  پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمے دار ہوگی۔

ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائے گی۔اجازت نامے کے مطابق جلسے کے دوران کسی کے بھی جذبات احساسات مجروح نہیں ہوں گے، پی ٹی آئی رضا کار ضلعہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہیں ہوگی، جلسے میں کارکنوں اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے۔

اجازت نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جلسہ کیلئے کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہوگی، جلسہ میں شامل افراد کے لیے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پر عمل کریں گے، جلسہ انتظامیہ مینار پاکستان گراؤنڈ کی تمام شرائط بشمول فیس ادائیگی کرے گی، جلسہ روٹ پر کسی بھی طرح وال چیکنگ نہیں ہوگی۔