سوات(بیورورپورٹ)سوات میں شدید زلزلے کے دوران دو خواتین سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 75خواتین سمیت 221افرادزخمی حالت میں اسپتال لائے گئے۔ ایک خواجہ سرا بھی زخمی ہوگیا۔متعددمکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ وزیر کے مطابق سوات میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے دوران شدید زلزلے کے دوران مدین کے گاؤں قندیل میں دیوار گرنے سے چودہ سالہ بچی مسماۃ حسنیٰ دختر حبیب الرحمان جاں بحق ہوگئی۔
تحصیل بریکوٹ کے علاقے چونگئی میں مکان کی دیوار گرنے سے بیس سالہ نوجوان حمزہ ولد فلک ناز(مرحوم) جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرانوجوان محمد رحمان عرف مخامے زخمی ہوگیا۔
زلزلہ کے دوران جاں بحق ہونے والا گھر کا واحد کفیل تھا۔ اس کا والد فلک ناز بھی گیارہ سال قبل سعودی عرب میں محنت مزدوری کے دوران آتشزدگی میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ متوفی حمزہ کے قریبی دوست طاہر نے بتایا کہ وہ دس دوست زلزلے کے دوران بیٹھک میں بیٹھے تھے کہ اس دوران شدید زلزلہ آیا۔ہم سب باہر کی طرف بھاگ نکلے جبکہ حمزہ اور محمد رحمان رہ گئے،جن پر باہر نکلتے ہوئے گھر کی دیوار گرگئی حمزہ جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد رحمان شدیدزخمی ہے۔ حمزہ کے ماموں زیارت گل نے بتایا کہ حمزہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا
تحصیل کبل میں دل کا دورہ پڑنے سے معمر خاتون بیوہ جہانزیب دم توڑ گئی۔ ڈپٹی کمشنر سوات کے مطابق سوات میں مجموعی طورپر 221افراد کو زخمی یا بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا جن میں 75خواتین اورایک خواجہ سرا شامل ہے۔
زلزلےسے متعدد مکانات کو جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے ۔لینڈ سلائیڈنگ سے بند کالام روڈ کو بھاری مشینری سے بحال کردیا گیا ہے۔