شہید بریگیڈیئرمصطفیٰ کمال کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

راولپنڈی (امت نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے  شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم، حاضر سروس، ریٹائرڈ فوجی افسران، ارکان پارلیمنٹ اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد شہید افسر بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پورے فوجی کیریئر کے دوران بریگیڈیئر برکی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے، انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے متعدد نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کیا، قوم ان کی خدمات اور پاکستان کیلئے دی گئی قربانی کو تسلیم کرتی ہے۔