اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کی مبارک باد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمد للہ کہ ماہ صیام کی سعادتیں اور برکتیں ایک بار پھر ہمیں ملی ہیں،
اس مہینے میں امت مسلمہ اور پاکستان کی بہتری کیلئے خصوصی دعائیں کریں، رمضان اللہ کریم کی رحمتوں اور برکتوں کا خصوصی مہینہ ہے
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات ، غربت اور مہنگائی سے نجات عطا فرمائے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے اپیل کی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور پاکستان کی خوشحالی اور سربلندی، دہشت گردی سے نجات کی بھی خصوصی دعا کریں
اجتماعی مغفرت ، انسانیت کی بہتری اور آفات سے بچاؤ کیلئے دعا کی جائے، اللہ تعالیٰ اس ماہ مبارک کو ہماری اجتماعی بخشش، انسانیت کی بہتری کا ذریعہ بنا دے۔