چنئی ( اُمت نیوز ) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے آخری میچ میں بھارت کو 21 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
چنئی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 269 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی،
کپتان سٹیو سمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ مچل مارش 47، ایلکس کیری 38 اور ٹریوس ہیڈ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور ہاردیک پانڈیا نے تین، تین شکار کئے جبکہ اکسر پٹیل اور محمد سراج نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا تھا، تاہم آسٹریلین باؤلرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 21 رنز سے کامیابی حاصل کرلی، بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، ہاردیک پانڈیا نے 40 اور شبمن گل نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زیمپا 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔