کراچی : زمان ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر پیزا رائیڈر جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ڈاکوؤ ںکی فائرنگ سے پیزارائیڈرجاں بحق جبکہ تین افرادزخمی ہوگئے ۔امسال مزاحمت پر 30افراد کو قتل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر51/Cمزارکے قریب موٹرسائیکل سوار ملزما ن نے لوٹ مار کے دوران 35سالہ محمد حسیب ولد محمد حسین کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرارہوگئے ،زخمی کو فوری طبی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ایس ایچ او افتخار آرائیں کے مطابق مقتول کورنگی سیکٹر51/Cکا ہی رہائشی اورپیزا رائیڈر تھا اور واقعے کے وقت مذکورہ مقام پر چنا چاٹ کے ٹھیلے پر کھڑا تھا ،پولیس نے واقعے کے بعد اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرنا شروع کردی ہے،پولیس کے مطابق مقتول کورنگی کے علاقے محمدی کا لونی کا رہائشی تھا۔

قائدآباد کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 35سالہ شاہ زیب ولد محمد علی اور32سالہ ارشدولدطالب حسین زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔سائٹ سپر ہائی وے کے علاقےگلشن معمارمیں لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 25سالہ میرمحمد ولد ملوک زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔