اسلام آباد / لاہور(امت نیوز) یوم پاکستان کے موقع پر علی الصبح تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔
ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز علی الصبح تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، توپوں کی سلامی کے وقت گولوں کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی۔ سلامی کے بعد جوانوں نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔
ادھر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پاکستانی قوم کو سلام پیش کیا، ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ قراردادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 83 سال مکمل ہونے پر ملک ’یوم پاکستان‘ بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان پاکستان کے دفاع،سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاک فضائیہ کا ہر جوان ملک کی سالمیت کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
دوسری جانب مزار اقبال پر 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے پاک فضائیہ کی تقریب منعقد کی گئی، ایئروائس مارشل سیدعمران ماجدعلی تقریب کے مہمان خصوصی بنے۔
پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے ستلج رینجرز کی جگہ پر مزار اقبال پر حفاظتی ذمہ داریاں سنبھالی۔ ایئر کموڈور تنویر احمد بیس کمانڈر پی اے ایف بیس لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاک فضائیہ کے تمام ایئر بیس پر یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جس میں پاکستان اور مسلم امہ کی سالمیت خوشحالی اور ترقی کےلئے دعا کی گی۔