لاہور(امت نیوز) لاہور میں کرونا کی وجہ سال 2023 کی پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ لاہور میں خاتون کی کرونا کے باعث ہونے والی موت نے صحت کے حکام اور لوگوں کو وائرس کی نئی متوقع لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے ویک اپ کال دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے نجی اسپتال میں وحیدہ نامی خاتون کرونا سے انتقال کر گئیں۔
بزرگ خاتون کو سانس کی تکلیف کے ساتھ لایا گیا تھا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے کرونا سے متعلق کچھ علامات کے بعد انہیں داخل کیا گیا۔ بعد میں مریضہ میں کرونا وائرس پائے جانے کی تصدیق ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 25 نئے مریضوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
ان میں سے 14 مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کرونا کے لیے مختص آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج ہیں۔
صحت کے حکام نے تمام سرکاری اور نجی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
محکمہ صحت نے عوام کو بازاروں، دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر کام کے مقامات، خاص طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی تلقین کی ہے۔