کراچی: واٹر بورڈ نے کراچی کے پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ سی ای او واٹر بورڈ کہتے ہیں، کے الیکٹرک تعاون کرے تو ماہ رمضان میں صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کے مشترکہ تعاون سے ہی شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہے اس ضمن میں کے الیکٹرک انتظامیہ ماہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلیے واٹر بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے واٹر بورڈ کی تمام پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ دینے کیلیے مؤثر اقدامات کرے۔
سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا واٹر بورڈ کی مختلف پمپنگ اسٹیشن پر روزمرہ لوڈ شیڈنگ، کیبل فالٹ اور پی ایم ٹی میں فنی خرابیوں کی وجہ سے واٹر بورڈ کے مختلف پمپنگ اسٹیشن سخت متاثر ہورہے ہیں جس کے باعث شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی میں مشکلات سامنا کرنا پڑ رہا ہے،
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ ماہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر بورڈ کی تمام پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ دینے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی فراہم کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی پریشانی ہماری اپنی پریشانی ہے اس لیے ہمیں محدود وسائل کے باوجود تمام تر اقدامات مکمل کرکے ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہماری ذمے داری اور فریضے میں شامل ہے۔