اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالتوں میں پیشیوں کے دوران ہنگامہ آرائی پر جے آئی ٹی کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر کارکنوں نے حملہ کیا، کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی، ہنگامہ آرائی سے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔
عدالتوں میں ہنگامہ آرائی پر جےآئی ٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی گئی ہے جس میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایم آئی کے نمائندے اور ڈی آئی ہیڈ کوارٹر اویس شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی مجرموں کے خلاف شفاف تحقیقات عمل میں لائے گی، 14 روز میں جے آئی ٹی تفتیش کرکے چلان عدالتوں میں جمع کرائے گی اور ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا
انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا، یہ واقعہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، اسلام آبادہائی کورٹ کا بھی مین گیٹ کو توڑا گیا، عدالتی عملے اور پولیس پر حملہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ رینجرز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا جس کے خلاف سی ٹی ڈی اسلام آباد، تھانہ گولڑہ میں مقدمات درج ہوئے، ان واقعات کے عمران خان سمیت تمام افراد ذمہ دار ہیں۔