لاہور(امت نیوز)آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور نے صاف کہہ دیا ہے کہ اگر اب پولیس پر گولی چلے گی تو اس کا جواب گولی سے ہی دیا جائے گا۔
پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ عمران خان کے پولیس پر لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ، عمران خان کو قتل کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، ہم کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، جوڈیشل کمیشن ہو یا کسی سطح پر تحقیقات، اپنی ٹیم کے ساتھ جواب دیں گے، پولیس والے قصور وار نکلے تو سزا دیں ورنہ الزام لگانے والےکو سزا دیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا پولیس پر حملہ کرنے والے کو پسپا ہی نہیں کرنا بلکہ ان کا قلع قمع کرنا ہے، پولیس پر گولی چلے گی تو جواب گولی سے دیا جائے گا، کسی جگہ دہشت گرد ہو تو نہیں چھوڑا جائے گا۔
گزشتہ روز عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، ان لوگوں نے زمان ٹاؤن میں گھس کر قتل کامنصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔