تیونس سٹی: تیونس میں اچھے مستقبل کے لیے بحیرہ روم کے راستے غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی اب تک 5 لاشیں نکال لی گئیں،33 افراد لاپتہ ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے اس لیے کشتی ہواؤں اور پانی کے تھپیڑوں کو برداشت نہیں کرپائی اور الٹ گئ۔
ریسکیو ادارے کے تیراکوں نے سمندر سے 5 تارکین وطن کی لاشیں نکالی ہیں جبکہ 84 کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 33 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کے زندہ مل جانے کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں۔۔
رواں ماہ ہی دو الگ الگ واقعات میں کشتیاں ڈوبنے سے 10 پاکستانیوں سمیت درجنوں تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے۔