کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 دستگیر میں گھر میں گیس کے اخراج کے باعث ذور دار دھماکہ جس کے نتیجے میں گھر کا مالک شدید زخمی ہوگیا ،دھماکے کی آواز دور علاقوں تک سنائی دی اس اطلاع پر پولیس، رینجرز اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا جبکہ بم ڈسپوزل کا عملہ بھی موقع پر پہنچا، زخمی ہونے والے 40 سالہ ارشد کو شدید جھلسی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔ متاثرہ مکان گرائونڈ پلس ٹو ہے، گرائونڈ فلور پر گھر کا مالک ارشد رہائش پزیر ہے جبکہ دیگر دو پورشن میں مختلف خاندان کرایہ پر رہائش پزیر ہیں۔
دھماکہ گرائونڈ فلور پر ہوا جس سے گھر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دیواریں گر گئیں اور سامان تباہ ہوگیا، گھر کی پہلی اور دوسری منزل پر رہائش پزیر افراد کو اسنارکل کی مدد سے گھر سے باہر نکالا گیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا ، رات کو کسی نے گیس جانے کے بعد چولہا کھلا چھوڑ دیا جس کے باعث گھر میں گیس بھر گئی۔
صبح گھر کے مالک نے ماچس جلائی تو خوفناک دھماکہ ہوا، گھر کے رہائشی افراد اور عینی شاہدین کا کہنا ہے دھماکہ 7 بج کر 10 منٹ پر ہوا تھا۔علاقہ مکینوں کے مطابق مالک مکان امریکن نیشنل اور گھر میں اکیلا رہائش پذیر ہے۔ ارشد کے بیوی بچے امریکہ میں مقیم ہیں جب کہ اس نے پاکستان میں دوسری شادی کی تھی، تاہم خاتون کو طلاق دیدی تھی،دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھا دیا۔تاہم پولیس مزید واقعے کی جانچ کررہی ہے۔